پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ پر امریکی صدر کا بڑا دعویٰ

امریکا (ویب ڈیسک ) امریکاکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ امریکا اس وقت ایک نئے سنہری دور میں داخل ہو چکا ہے اور ملک پہلے سے زیادہ مضبوط اور خوشحال ہو رہا ہے۔

کانگریس میں اپنے طویل خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے معیشت کو بہتر بنانے اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ ان کے مطابق جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو امریکا کو معاشی مشکلات اور کئی بڑے مسائل کا سامنا تھا، لیکن ایک سال کے اندر حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے اور یہ کم ہو کر تقریباً ایک اعشاریہ سات فیصد رہ گئی ہے۔ ان کے مطابق حصص کی منڈی مسلسل نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے جبکہ کئی ریاستوں میں پیٹرول کی قیمتیں بھی کم ہو گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا میں تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور توانائی کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے وینزویلا سے بڑی مقدار میں تیل حاصل کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔

سرحدی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ امریکا کی سرحدیں پہلے سے زیادہ محفوظ ہو چکی ہیں اور غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق جو لوگ قانونی طریقے سے امریکا آتے ہیں، ان کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔

معاشی پالیسیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں بڑی سرمایہ کاری ممکن ہوئی ہے اور محصولات میں کمی جیسے اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔

بین الاقوامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا میں کئی تنازعات کم کرانے میں کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق ایک موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بہت بڑھ گئی تھی اور ایٹمی جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم بروقت سفارتی کوششوں سے صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔

انہوں نے ایران کے بارے میں بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، تاہم مسئلے کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا ہر میدان میں ترقی کر رہا ہے اور آنے والے برسوں میں یہ پیش رفت مزید تیز ہو گی۔ ان کے بقول یہ تبدیلی تاریخ میں امریکا کی بڑی واپسی کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں