کوئٹہ میں رات گئے پولیس کا کریک ڈاؤن، 11 خواجہ سرا گرفتار، کارروائی کیوں کی گئی؟
کوئٹہ( اولس نیوز) کوئٹہ شہر میں رات کے وقت مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے حوالے سے شہریوں اور تاجر برادری کی شکایات پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کر دیے، جس کے بعد ایس پی سٹی آصف غفور کی سربراہی میں پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 11 خواجہ سراؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں، جن میں باچا خان چوک، قندھاری بازار، سرکلر روڈ، جناح روڈ اور ان کے اطراف شامل ہیں، رات گئے بعض سرگرمیوں کے حوالے سے شہریوں اور تاجر برادری کی جانب سے مسلسل شکایات سامنے آ رہی تھیں۔ شکایت کنندگان کا کہنا تھا کہ مذکورہ علاقوں میں رات کے اوقات میں نامناسب سرگرمیوں اور نشے کے عادی افراد کی آمدورفت کے باعث شہری ماحول متاثر ہو رہا تھا۔
شہریوں اور تاجر برادری کے مطابق اس صورتحال کے باعث بالخصوص خواتین، بچوں اور فیملیز کو رات کے وقت ان شاہراہوں سے گزرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جبکہ علاقہ مکینوں نے بھی امن و سکون اور شہری ماحول کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے ایس پی سٹی آصف غفور کو کارروائی کی ہدایات جاری کیں، جس پر ایس پی سٹی نے پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف علاقوں میں کارروائی کا آغاز کیا۔
ایس ایچ او سٹی اور ایس ایچ او سول لائن کی سربراہی میں پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 11 خواجہ سراؤں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں مزید کارروائی اور گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سٹی آصف غفور نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے خواجہ سراؤں کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے اور ان کے بقول وہ کوئٹہ میں آکر مبینہ طور پر فحاشی پھیلانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں نازیبا حرکات اور بے حیائی پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب کوئٹہ کی تاجر برادری اور شہریوں نے پولیس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی شہری شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور فیملیز کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان اور عوامی مقامات کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی ضروری ہے۔




