امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی خبروں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد کمی

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات سے متعلق خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 101 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔ دوسری جانب اماراتی خام تیل مربن کی قیمت 115 ڈالر فی بیرل رہی۔

ادھر ابوظہبی کی سرکاری تیل کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل کے ذخائر میں تقریباً ایک ارب بیرل کی کمی ہوئی ہے، جبکہ ڈیزل کے ذخائر گزشتہ 35 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل متوقع ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ قیمتوں کے تعین کے نئے فارمولے کے تحت پیٹرول فی لیٹر 15 روپے تک سستا ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے اور آئل ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت میں کمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اب تک پیٹرول ریلیف کی مد میں 27 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں