کوئٹہ: کوئٹہ پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قتل کے دو مختلف مقدمات صرف 10 گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کوئٹہ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی پولیس عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز دوستین دشتی کی ہدایات پر قائد آباد پولیس نے کارروائی کی۔ ایس پی قائد آباد علی رضا، ڈی ایس پی اسحاق علی چنگیزی اور ایس ایچ او کامران بھٹی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کوئٹہ کے کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے تفتیش مکمل کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عباس علی اور ہادی عرف بچہ قصاب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان سے متعلقہ مقدمات میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید قانونی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا اولین ترجیح ہے۔




