مفتی اویس عزیز اور قاری افتخار کی گرفتاری قابلِ مذمت، فوری رہائی کا مطالبہ

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے امیر جے یو آئی اسلام آباد مفتی اویس عزیز اور نائب امیر قاری افتخار کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف گرفتاریاں، دھونس دھمکیاں اور حکومتی ہتھکنڈے جمہوری اقدار، آئینی حقوق اور سیاسی آزادیوں کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک نظریاتی، جمہوری اور پُرامن سیاسی جماعت ہے اور گرفتاریوں یا دباؤ کے ذریعے اس کی سیاسی جدوجہد کو روکا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن سیاسی جدوجہد کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرکے دباؤ میں لانے کی کوششیں سیاسی عدم برداشت کا مظہر ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام اپنے آئینی اور قانونی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔

صوبائی قیادت نے مطالبہ کیا کہ مفتی اویس عزیز اور قاری افتخار کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی کارکنوں کے خلاف گرفتاریوں اور دباؤ کا سلسلہ بند کیا جائے۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھیں، اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور مرکزی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں