گیس کے بلوں نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں، ہزار روپے کا بل 6 ہزار سے تجاوز کرگیا
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور توانائی کے نرخوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ بجلی کے بھاری بلوں کے بعد اب گیس کے بل بھی شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئے ہیں، جہاں گزشتہ سال معمولی بل ادا کرنے والے صارفین کو رواں سال کئی گنا زیادہ رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے سخت شرائط پر قرض حاصل کیا تھا۔ معاشی ماہرین نے اس وقت خدشہ ظاہر کیا تھا کہ قرض پروگرام کے تحت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے حکومت کو بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کرنا پڑے گا، جس کا براہ راست اثر عام صارفین پر پڑے گا۔ گزشتہ سال اگست میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں صارفین نے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ مختلف شہروں میں مظاہرین نے بجلی کے بل نذر آتش کرکے اپنے غم و غصے کا اظہار بھی کیا، تاہم احتجاج کے باوجود عوام کو مطلوبہ ریلیف نہ
FOLLOW US ON OLAS NEWS
مل سکا۔ اب موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس کے بلوں نے بھی گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ گزشتہ سال جن گھروں میں گیس کا ماہانہ بل تقریباً ایک ہزار روپے آتا تھا، وہاں اب بل 6 ہزار روپے سے تجاوز کرگیا ہے، جبکہ جن صارفین کا بل پہلے 10 ہزار روپے تک محدود تھا، انہیں اب 50 ہزار روپے سے زائد کے بل موصول ہو رہے ہیں۔ بجلی کے بعد گیس کے بھاری بلوں نے بھی عوام کو شدید معاشی دباؤ سے دوچار کردیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محدود آمدنی میں گھریلو اخراجات، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوامی احتجاج میں مزید شدت آسکتی ہے۔ گیس کے بلوں میں اضافے کے حوالے سے ایک اہم وجہ فکسڈ چارجز کا نظام بھی ہے۔ گزشتہ سال گیس صارفین سے فکسڈ چارجز وصول نہیں کیے جا رہے تھے، جبکہ نئے بلنگ نظام میں ان چارجز کی شمولیت نے صارفین کے ماہانہ بلوں پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ جب شہریوں کو مطلوبہ گیس کی فراہمی نہیں ہو رہی تو بھاری بلوں کی ادائیگی کیسے ممکن ہوگی؟ عوام حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ گیس کے نرخوں اور فکسڈ چارجز پر نظرثانی کرکے عام صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔




