ریاض(اولس نیوز)سعودی عرب کے دفاعی اور سکیورٹی اداروں نے متوقع خطرات ٹلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔ سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین بیان کے مطابق مقدس شہر مکہ مکرمہ، ساحلی شہروں جدہ اور ینبع، شمال مغربی علاقے تبوک اور طائف میں جاری کیا گیا ایمرجنسی ارلی وارننگ الرٹ اب ختم کر دیا گیا ہے اور تمام تر متوقع خطرات مکمل طور پر ٹل چکے ہیں۔
عرب اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل تركی المالکی نے بتایا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے بالخصوص طائف اور ینبع کے علاقوں کو نشانہ بنانے کے لیے 6 بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے، تاہم سعودی ایئر ڈیفنس سسٹم نے فوری اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جس سے کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچاؤ ممکن رہا۔
عرب اتحاد کے ترجمان نے حوثی باغیوں کی اس بزدلانہ اور خطرناک پیش قدمی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے اس قسم کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشیدگی کا انتہائی سختی اور حتمی قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
حملے کا خطرہ ٹل گیا، 6 حوثی بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ




