اسلام آباد( اولس نیوز کوئٹہ ) پاکستان میں بارش برسانے والا طاقتور موسمی نظام آج داخل ہوگا، جس کے پیش نظر طوفانی بارشوں اور آندھی کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں سمیت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 10 سے 14 نومبر کے دوران شدید بارشوں، آندھی، ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور ہنگامی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بارش برسانے والا نیا مغربی موسمی نظام 10 نومبر کو ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جو 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرکے 14 نومبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس موسمی نظام کے باعث 11 اور 12 نومبر کے دوران ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوئٹہ، دکی، ہرنائی، پشین، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی کے باعث سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں۔
اس کے علاوہ 10 سے 14 نومبر کے دوران چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور کوہاٹ سمیت دیگر میدانی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم کی پہلی ہلکی برفباری متوقع ہے۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب میں آئندہ دو روز کے دوران راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، مری، لاہور، قصور، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں بارش متوقع ہے، جبکہ ڈی جی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں تیز ہواؤں اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے اس سلسلے سے صوبے میں اسموگ کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 12 اور 13 نومبر کو بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ میں موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا۔
بارشوں کے اس سلسلے کے بعد ملک بھر میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے اور میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔




