قلات: بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح قلات میں بھی نوابزادہ طلال بگٹی کی 11ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی نائب صدر زوالقرنین نوشیروانی، ضلع قلات کے ضلعی آرگنائزر حافظ طاہر مینگل سمیت قلات کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔ شرکاء میں سیاسی و سماجی رہنما عبدالغفور شاہوانی، نیشنل پارٹی کے لیبر پریس سیکرٹری عبداللہ رہسانی، جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما میر عبداللہ لانگو، جمہوری وطن پارٹی کے سینئر رہنما ملک عبدالرب زہری، محمد اکبر بنگلزئی اور دیگر معتبر شخصیات شامل تھیں۔
تقریب کے دوران نوابزادہ طلال بگٹی کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو سراہا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ طلال بگٹی ایک عوام دوست، غریب پرور اور بااخلاق شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور معاشرتی بہتری کے لیے کردار ادا کیا۔ ان کا شمار بلوچستان کی اہم شخصیات میں ہوتا تھا، اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا شاید کبھی پُر نہ ہو سکے۔
شرکاء نے کہا کہ مرحوم کی خدمات اور عوام سے محبت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ ان کی سیاسی و سماجی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔
قلات میں نوابزادہ طلال بگٹی کی 11ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی




