پاکستان اور افغانستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، 4 اور 5 نومبر اہم دن قرار

ماہر فلکیات حاجی ولی محمد بڑیچ نے پاکستان اور افغانستان میں موسم کی تبدیلی اور بارشوں کے نئے سلسلے سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ خشک موسم اور خشک دن گزر چکے ہیں اور اب بارشوں کا موسم شروع ہونے والا ہے۔ ان کے مطابق اگر اللہ نے چاہا تو بارشوں کا سلسلہ جلد شروع ہوجائے گا اور اس سیزن کے پہلے بادل بیرون ملک سے پاکستان اور افغانستان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

حاجی ولی محمد بڑیچ کے مطابق 3 نومبر بروز منگل بھی بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم 4 اور 5 نومبر بروز بدھ اور جمعرات کو بارشوں کے حوالے سے اہم دن قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دو روز کے دوران مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

انہوں نے آنے والے موسمی نظام کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بادلوں کے ساتھ فی الحال کسی خطرناک موسمی صورتحال کے آثار دکھائی نہیں دے رہے۔ ہوائیں چلیں گی، تاہم ان کی شدت محدود رہنے کا امکان ہے۔ اگر کسی علاقے میں اچانک خطرناک ہواؤں کی صورتحال پیدا ہوئی تو اس سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ماہر فلکیات کے مطابق بیشتر علاقوں میں مختصر دورانیے کی مگر موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ چند محدود علاقوں میں ژالہ باری کے اثرات بھی نظر آرہے ہیں۔

حاجی ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ ژالہ باری کے ممکنہ علاقوں اور بارشوں سے متاثر ہونے والے مقامات کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

انہوں نے عوام کو موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں بارشوں کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

ماہر فلکیات حاجی ولی محمد بڑیچ کی جانب سے جاری کردہ پیشگوئی کے مطابق 4 اور 5 نومبر بارشوں کے نئے سلسلے کے اہم دن ہوسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں