سڈنی: آسٹریلیا کے معروف آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 38 سالہ کرکٹر نے 14 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے بعد کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گلین میکسویل نے اپنے فیصلے کا اعلان ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنی جسمانی فٹنس پر زیادہ توجہ دینا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کیریئر کے باقی ٹورنامنٹس میں شرکت کر سکیں۔
میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے انٹرنیشنل اور 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 7 ہزار سے زائد رنز بنائے اور 136 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ جبکہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہے۔
ان کے کیریئر کی یادگار اننگز 2023 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف ناقابلِ شکست 201 رنز کی تھی، جس کی بدولت آسٹریلیا نے مشکل صورتحال سے نکل کر کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ میکسویل گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے تھے۔ اب وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کی ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں، تاہم وہ بگ بیش لیگ اور دیگر فرنچائز ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔




