صحافیوں کے گھروں اور دفاتر پر حملہ نما چھاپے قابلِ مذمت، آزادیٔ صحافت پر قدغن برداشت نہیں کریں گے، مظلوم عوامی تحریک
کوئٹہ( اولس نیوز ) مظلوم عوامی تحریک پاکستان نے گزشتہ شب ڈاکٹر ثناء اچکزئی، سینئر صحافی آغا عبید اور بلوچستان امیج کے دفتر پر کیے گئے حملہ نما چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں آزادیٔ صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق پر حملہ قرار دیا ہے۔
مظلوم عوامی تحریک پاکستان کی صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو ہراساں کرنا، ان کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارنا اور انہیں آزادانہ طور پر اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ایسے اقدامات نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہیں بلکہ معاشرے میں خوف و ہراس پیدا کرنے کا باعث بھی بنتے ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مظلوم عوامی تحریک پاکستان ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی آزادیٔ صحافت، آزادیٔ اظہارِ رائے اور صحافیوں کے آئینی حقوق پر یقین رکھتی ہے۔ تحریک نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
مظلوم عوامی تحریک نے مزید کہا کہ وہ صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جائز حقوق، تحفظ اور آزادیٔ صحافت کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
پریس ریلیز کے مطابق اختلافِ رائے کا جواب طاقت، دھونس اور خوف سے نہیں بلکہ دلیل، قانون اور جمہوری رویوں سے دیا جانا چاہیے۔




