مہمند: خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں انسدادِ پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملے میں ملوث افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث پولیو ٹیموں کی حفاظت ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے۔




