گیس غائب مگر بھاری بل جاری، سوئی سدرن کے خلاف کوئٹہ میں احتجاج، سمنگلی روڈ بلاک

کوئٹہ: شہر میں سوئی گیس کے بھاری اور مبینہ طور پر غلط بلوں کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجاً سمنگلی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھروں میں گیس کی عدم دستیابی اور غیر معمولی بلوں نے گھریلو صارفین کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق مبینہ طور پر غلط میٹر ریڈنگ اور بلنگ کے باعث محدود آمدنی والے افراد کو ہزاروں اور لاکھوں روپے کے بل موصول ہو رہے ہیں، جن کی ادائیگی ان کے لیے ممکن نہیں۔

احتجاج کرنے والے شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی بھاری اور مبینہ طور پر غلط بلوں کا فوری نوٹس لے اور میٹر ریڈنگ و بلنگ کے نظام کی شفاف جانچ پڑتال کرائی جائے۔

مظاہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ صارفین کو اضافی مالی بوجھ سے نجات دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور گیس کی فراہمی کے مسائل بھی حل کیے جائیں۔

احتجاج کے باعث سمنگلی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ آمدورفت کرنے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں