کوئٹہ سے پشاور جانے والی بس کو حادثہ ، 24 افراد جاں بحق، 14زخمی

کوئٹہ (اولس نیوز) بلوچستان کے علاقے ژوب میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی بس کو حادثہ، افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 24 افراد جاں بحق ہوگئے۔
یاد رہے کہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں ٹریفک حادثے میں بس گہری کھائی میں جا گری تھی۔

بس میں 35 مسافر سوار تھے
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بس میں مجموعی طور پر 35 مسافر سوار تھے، حادثے کے بعد اب تک 8 زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر متاثرین کو نکالنے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دشوار گزار علاقے میں ریسکیو آپریشن
ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ کے مطابق حادثہ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود ریسکیو اہلکار زخمیوں کو نکالنے اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بلوچستان کے قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ولی کاکڑ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد جاں بحق اور زخمی افراد کی حتمی تعداد اور دیگر تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

پولیس کا موقف
پولیس کا کہنا ہے کہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں