ایران کا سعودی عرب کی پرنس سلطان ایئر بیس پر حملہ، 12 امریکی فوجی زخمی

 ایران (اولس نیوز ) ایران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے حملوں میں غیر معمولی تیزی آگئی ہے۔ جمعہ کے روز سعودی عرب میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملے میں 12 امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں موجود امریکی بیس پر ہوئے حملے میں فوجیوں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ اڈے پر موجود ایندھن بھرنے والے کئی امریکی طیاروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 300 سے زائد امریکی فوجی زخمی اور 13 ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایران کی طرف سے اسرائیل پر بھی تین بڑے میزائل حملے کیے گئے۔

حملوں میں بیت المقدس اور تل ابیب جیسے بڑے شہروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تل ابیب میں ایک 52 سالہ شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ شہری آبادی پر کلسٹر بم گرائے گئے جس سے جانی نقصان ہوا۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں بھی ایرانی بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا گیا، جن کا ملبہ گرنے سے پانچ بھارتی شہری زخمی ہو گئے اور صنعتی علاقے میں آگ لگ گئی۔

لبنان کی صورتحال بھی انتہائی کشیدہ ہے جہاں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید زمینی لڑائی جاری ہے۔

حزب اللہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے خلاف 82 آپریشنز کیے ہیں، جن میں دو ٹینکوں کو تباہ کرنا بھی شامل ہے۔

ایک اہم پیش رفت میں حزب اللہ نے بیروت کی فضاؤں میں نچلی پرواز کرنے والے اسرائیلی جنگی طیارے پر زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل فائر کیا، جسے جنگ میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں