سینئر وکیل سید آغا ظہور شاہ کا پیپلز لائرز فورم کی ازسرِ نو تنظیم سازی کا مطالبہ

پیپلز لائرز فورم بلوچستان کے سینئر رکن ایڈووکیٹ سید آغا ظہور شاہ نے موجودہ تنظیم کو فوری طور پر تحلیل کرکے اس کی ازسرِ نو تنظیم سازی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز لائرز فورم بلوچستان کی موجودہ باڈی گزشتہ کئی سالوں سے متنازع بنی ہوئی ہے اور اس کی تشکیل کے دوران پارٹی کے سینئر، نظریاتی اور دیرینہ وابستگی رکھنے والے وکلاء کو نظر انداز کیا گیا۔ ان کے مطابق چند مخصوص افراد کو ذاتی مفادات اور گروہی بنیادوں پر عہدوں پر بٹھایا گیا، جس کے باعث بلوچستان کے حقیقی اور وفادار پارٹی وکلاء میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی وکلاء کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات، خصوصاً صوبائی حکومت کی جانب سے دیے گئے لیپ ٹاپ کی تقسیم میں بھی شفافیت نظر نہیں آتی اور بیشتر حقیقی پارٹی وکلاء اس سہولت سے محروم رہے ہیں۔

ایڈووکیٹ سید آغا ظہور شاہ نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ریاستی کونسل اور دیگر قانونی عہدوں پر تقرریوں میں میرٹ اور پارٹی سے وابستگی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جبکہ سینئر اور وفادار وکلاء کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پیپلز لائرز فورم بلوچستان کی موجودہ متنازع باڈی کو تحلیل کریں اور ایک شفاف، جمہوری اور مشاورتی عمل کے ذریعے نئی تنظیم تشکیل دی جائے تاکہ پارٹی کے نظریاتی اور وفادار وکلاء کو ان کا جائز حق مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں