بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ اور شہر بارکھان میں انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) نے مختلف کارروائیاں کی ہیں جن میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاع پر کی گئیں۔
پہلی کارروائی کوئٹہ میں کی گئی، اس دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔
جوابی کارروائی میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع بارکھان میں ہوئی۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں تمام چھ دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا تاکہ کسی ممکنہ سہولت کار یا فرار ہونے والے دہشت گرد کو گرفتار کیا جا سکے۔




