بلوچستان (اولس نیوز ) بلوچستان پولیس نے صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف خصوصی کارروائیوں کے دوران ایک ماہ میں 352 مقدمات درج کیے اور 1698 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 6 مسروقہ گاڑیاں، 67 موٹر سائیکلیں، 24 موبائل فون، 35 تولے سونا، لاکھوں روپے، 135 پسٹل، 19 ریوالور، 20 کلاشنکوف، 1329 راؤنڈز، 114 میگزین اور ہزاروں لیٹر پیٹرول و ڈیزل قبضے میں لیا گیا۔ اس دوران پولیس نے 6 مغویوں کو بھی بازیاب کرایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کی خصوصی ہدایت پر یہ کارروائیاں کی گئیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف 204 مقدمات درج کرکے 213 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 2799.75 کلو چرس، 2442.536 کلو آئس شیشہ، 573 بوتلیں شراب، 129 بیئر، 84 گرام ہیروئن، 10 کلو بھنگ اور 1687.061 کلو افیون برآمد کی گئی۔
مزید کارروائیوں میں مسروقہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، 155 اشتہاری اور 342 مفرور ملزمان گرفتار ہوئے، جبکہ مختلف جرائم میں 841 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے موبائل فون، سونا، نقدی اور ایرانی ڈیزل و پٹرول بھی قبضے میں لیا اور 2387 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے۔ 550 میں 17 گاڑیاں بند کی گئیں، اور ایرانی سگریٹ 2010 پیکٹ اور 68 ممنوعہ غیر قانونی ادویات بھی ضبط کی گئیں۔
بلوچستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں سرگرم ہے اور کوئٹہ سمیت سات رینجز کے مختلف اضلاع میں ٹارگٹ آپریشنز کر کے شہریوں کو پرامن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔




