ایف بی آر کا ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال کا نیا نظام متعارف، ٹیکس دہندگان کو غلطیاں درست کرنے کے لیے 7 دن کی مہلت
اسلام آباد( اولس نیوز ) وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال اور ان میں سامنے آنے والی غلطیوں یا بے ضابطگیوں سے متعلق ٹیکس دہندگان کو پیشگی آگاہ کرنے کا نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی شق 38 بی شامل کی گئی ہے۔
ایف بی آر کے نئے طریقہ کار کے مطابق ادارے کا خودکار نظام، بشمول سی آر ایم، ٹیکس دہندگان کی جانب سے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کا جائزہ لے گا۔ اس دوران کسی بھی حقائق پر مبنی یا قانونی غلطی، تضاد یا بے ضابطگی کی نشاندہی ہونے پر ٹیکس دہندہ کو آئی آر آئی ایس کے ذریعے آن لائن ایڈوائس یا پیشگی اطلاع بھیجی جائے گی۔
اس نئے نظام کا مقصد ٹیکس دہندگان کو قانونی یا تعزیری کارروائی شروع ہونے سے پہلے اپنی وضاحت پیش کرنے، غلطیوں کی اصلاح کرنے یا دیگر ضروری اقدامات اٹھانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یہ پیشگی اطلاع متعلقہ دائرہ اختیار رکھنے والا ان لینڈ ریونیو افسر بھی جاری کر سکے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس دہندگان کو جواب دینے، غلطی درست کرنے یا نشاندہی کردہ بے ضابطگی دور کرنے کے لیے کم از کم سات دن کی مہلت دی جائے گی۔ اگر مقررہ مدت کے دوران جواب موصول نہ ہو یا نشاندہی کردہ مسئلہ حل نہ کیا جائے تو ٹیکس دہندہ کو دوبارہ یاددہانی بھیجی جائے گی، جس کے لیے بھی کم از کم سات دن کا وقت دیا جائے گا۔
نئے طریقہ کار کے تحت خودکار نظام کے ذریعے سامنے آنے والے مسائل، ٹیکس دہندگان کو بھیجی گئی اطلاعات اور ان کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات کا مکمل ریکارڈ متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر کو فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام اطلاعات، موصولہ جوابات اور ان پر کیے گئے اقدامات کا اندراج بھی نظام کے ڈیش بورڈ پر کیا جائے گا۔
متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر ٹیکس دہندہ کی جانب سے پیش کردہ جواب کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق مزید کارروائی کر سکے گا۔
اس طرح ایف بی آر کے نئے نظام کے تحت انکم ٹیکس گوشواروں میں غلطیوں اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد ٹیکس دہندگان کو باقاعدہ قانونی کارروائی سے پہلے اپنی اصلاح اور وضاحت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔




