کوئٹہ: بلوچستان میں گندم اور آٹے کی قیمتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں، کسانوں کے مسائل پر خالد حسین باٹھ کی اہم پریس کانفرنس
کوئٹہ( اولس نیوز ) چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کو کراچی پورٹ پر پہنچنے والے چار کارگو شپس میں سے ایک بوری گندم بھی نہیں ملی، جبکہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں گندم اور آٹا سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مقامی کسانوں سے گندم خریدی جاتی تو بیرون ملک سے گندم درآمد کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔
خالد حسین باٹھ نے کہا کہ وفاقی اور بلوچستان حکومت نے مذاکرات کے دوران کسانوں سے جو وعدے کیے تھے، وہ پورے کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب بلوچستان کے کسانوں کو سمگل شدہ کھاد خریدنے کی ضرورت نہیں رہی۔ تاہم گندم کی فراہمی کے معاملے پر چیف سیکرٹری بلوچستان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔
چیئرمین کسان اتحاد نے پنجاب میں گندم کی خریداری اور فروخت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کسانوں سے گندم 3200 روپے فی من خرید کر شوگر مل مالکان کو 4500 روپے فی من فروخت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سرحدی تجارت کھولنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کور کمانڈر بلوچستان کے اقدام کو بھی سراہا۔
شوگر انڈسٹری کے حوالے سے خالد حسین باٹھ نے کہا کہ کسان اتحاد شوگر ملوں کو ڈی ریگولیٹ نہیں ہونے دے گا اور چار لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شوگر مل مالکان کے گوداموں میں بڑی مقدار میں چینی ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے، بصورت دیگر کسان احتجاج کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 50 کروڑ روپے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 20 کروڑ روپے ہرجانے کے دعوے دائر کیے گئے ہیں۔
محکمہ آبپاشی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خالد حسین باٹھ نے الزام عائد کیا کہ چار ارب روپے کا ٹینڈر صرف ایک فرم کو دیا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات اور محکمہ لائیو اسٹاک میں مبینہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
خالد حسین باٹھ نے پریس کانفرنس میں گندم کی فراہمی، کسانوں کو درپیش مسائل، گنے کی قیمت، چینی کی برآمد اور سرکاری محکموں میں مبینہ بے ضابطگیوں سمیت مختلف امور پر اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔




