مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ڈرون سے تصاویر بنانے پر جمعیت علماء اسلام کا احتجاج کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ڈرون سے تصاویر بنانے پر جمعیت علماء اسلام کا احتجاج کا اعلان

جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ڈرون کے ذریعے تصاویر بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی بوکھلاہٹ اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ڈرون کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کے گھر کی تصاویر بنانا انتہائی شرمناک حرکت ہے، جس گھر کی تصاویر لی گئیں وہاں قائد جمعیت کے اہل خانہ اور دیگر خواتین موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے اس اقدام کے ذریعے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر کبھی پولیس بھیجنا، کبھی نوٹس جاری کرنا اور کبھی ڈرون کے ذریعے تصاویر بنانا ریاست کی جانب سے بھونڈے ہتھکنڈے ہیں، تاہم جمعیت علماء اسلام ایسی کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہوگی۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ وہ عمرے کے سفر پر روانہ ہوچکے ہیں، تاہم واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے چاروں صوبوں کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی و صوبائی ہیڈکوارٹرز اور پریس کلبوں کے سامنے حکومت کے اس اقدام کے خلاف بھرپور اور پُرامن احتجاج کریں۔

انہوں نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کے خلاف اپنا ردعمل ریکارڈ کرائیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعیت علماء اسلام چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں