کوئٹہ: بلوچستان کے وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی اور ان کے بیٹوں کے خلاف اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران میر صادق عمرانی اور ان کے بیٹوں سے مبینہ طور پر منسلک متعدد فرنٹ مین، آف شور کمپنیوں اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں موجود بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے کی مبینہ مالی ٹرانزیکشنز اور رقوم کی منتقلی کا بھی سراغ ملا ہے۔ تحقیقات میں کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور سیم نامی شخص کو بھی مبینہ طور پر فرنٹ مین کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے معاملے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں، جبکہ آئندہ تین سے چار روز کے دوران کیس میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔
تاہم ان الزامات اور مبینہ مالی لین دین سے متعلق حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔



