مولانا فضل الرحمٰن کے بعد مولانا عبدالواسع کا بھی سیکیورٹی واپس کرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمٰن سے سیکیورٹی واپس لینے پر مولانا عبدالواسع کا بھی سیکیورٹی واپس کرنے کا اعلان

پشین (اولس نیوز): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر بلوچستان میں بھی ردعمل سامنے آگیا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اعلان کیا ہے کہ انہیں بھی بلوچستان حکومت کی سیکیورٹی کی کوئی ضرورت نہیں اور وہ اپنی سیکیورٹی واپس کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ پشین میں تحفظِ مدارس و قیامِ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جب مولانا فضل الرحمٰن سے وفاقی حکومت نے سیکیورٹی واپس لے لی ہے تو انہیں بھی بلوچستان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی کی ضرورت نہیں۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعینات پولیس کی تمام سیکیورٹی بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ اسی طرح مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے بھی ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر اپنی ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس روانہ ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ سیکیورٹی برانچ ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق گزشتہ رات گئے تک پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی کلوز کر دی گئی تھی، جبکہ آج صبح ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلا کر سیکیورٹی ڈیوٹیاں ختم کر دیں۔ سیکیورٹی واپس لیے جانے کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی اپنے قائدین اور کارکنوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی۔ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ناکہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور بلااشتعال کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے حکومت کو قانون کی حدود میں رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے وکلا اور کارکنوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں