کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے خاتمے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں پائیدار امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے جامع اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بھتہ خوری، اسمگلنگ، منشیات اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ضلع کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی بحالی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات کریں اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔
انہوں نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں اور اقدامات سے متعلق ایک ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، متعلقہ ڈویژن کے کمشنر، ڈی آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو منظور شدہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔



