اداروں کی کارکردگی جانچنے کا نظام تشکیل پا چکا، اہداف میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک مؤثر نظام تشکیل پا چکا ہے، جس کے تحت مقررہ اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پی ایم او ایس (PMOS) کے تحت اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے جدید تحقیق بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ حکومت زرعی تحقیق کے فروغ کے لیے بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ جدید طریقوں کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاری کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے جدید زرعی مشینری کی کاشتکاروں تک آسان فراہمی کو بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی اجناس کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ ملک بھر کے کسانوں کی رجسٹریشن کے لیے ’’میرا کسان‘‘ ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات، نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل کے قیام، پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تشکیل نو اور موسمیاتی تبدیلیوں و قدرتی آفات سے فصلوں کو محفوظ بنانے کے لیے زرعی انشورنس کی بہتری پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، احد خان چیمہ، جام کمال خان، شزا فاطمہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں