بیف اسکالرشپس کا خاتمہ طلبہ دشمنی ہے، خوشحال خان کاکڑ

کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (BEEF) کی اسکالرشپس بند کرنا طلبہ کے ساتھ ناانصافی ہے، جبکہ بلوچستان رائزنگ اور کوسٹل اسکالرشپس میں پشتون اضلاع کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع کوئٹہ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خوشحال خان کاکڑ نے دعویٰ کیا کہ طلبہ کے لیے مختص BEEF کی تمام اسکالرشپس بند کر دی گئی ہیں، جبکہ اس فنڈ کے 22 ارب روپے کے سیڈ منی کے استعمال پر بھی سنگین خدشات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 17 ارب روپے کے بلوچستان رائزنگ اسکالرشپ منصوبے میں کسی بھی پشتون ضلع کو شامل نہیں کیا گیا، جبکہ گوادر اور کوسٹل ہائی وے کے نام سے جاری اسکالرشپ فنڈز سے بھی جنوبی پشتونخوا کے طلبہ محروم ہیں۔

خوشحال خان کاکڑ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، کیریئر اور سیاسی شعور پر توجہ دیں اور قومی حقوق، جمہوریت اور تعلیمی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بارڈر ٹریڈ کی بندش کے خلاف 19 نومبر کو آل پارٹیز کی کال پر بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں