مسلم باغ میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سیمینار، طلبہ کو محفوظ سفر کے اصولوں پر بریفنگ

مسلم باغ: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے روڈ سیفٹی آگاہی یونٹ این ففٹی سیکٹر ون کے زیر اہتمام تیس ستمبر دو ہزار چھبیس کو بیوٹمز کیمپس مسلم باغ میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار کا انعقاد ایس پی او سہیل ندیم، پی او احمد اللہ، اے پی او محمد انور اور جے پی او ردا ناز کی جانب سے کیا گیا، جس میں کیمپس ڈائریکٹر، اسسٹنٹ رجسٹرار اور بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

سیمینار کے دوران شرکاء کو سڑک پر محفوظ سفر کے بنیادی اصولوں، محفوظ ڈرائیونگ اور ایک ذمہ دار سڑک استعمال کنندہ کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر پیدل چلنے والوں کی حفاظت اور سڑک عبور کرنے کے محفوظ طریقوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شرکاء کو سڑک پر موجود مختلف حفاظتی سہولیات، سڑک کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے درست استعمال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ کوئٹہ میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے طریقہ کار، ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت اور قانونی و محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی گئیں۔

سیمینار میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سڑک پر احتیاط، قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ رویہ حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سیمینار کے اختتام پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے طلباء و طالبات میں یادگاری تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ روڈ سیفٹی آگاہی یونٹ این ففٹی سیکٹر ون کی جانب سے محفوظ سفر اور محفوظ زندگی کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں