کوئٹہ: پاکستان سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی وکیل اور کارکن جلیلہ حیدر کو 2026 کے رائٹ لائیولی ہڈ ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایوارڈ دینے والی سویڈن کی تنظیم کے مطابق انہیں انسانی حقوق، قانونی معاونت اور پسماندہ طبقات کے لیے طویل عرصے سے جاری جدوجہد کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔
رائٹ لائیولی ہڈ کے مطابق جلیلہ حیدر پاکستان کی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون وکیل ہیں جنہوں نے اقلیتوں، پناہ گزینوں، خواتین، ٹرانس جینڈر افراد، انسانی حقوق کے کارکنوں اور دیگر کمزور طبقات کو قانونی معاونت فراہم کی۔
تنظیم کے مطابق جلیلہ حیدر کی قانونی فرم نے 7 ہزار سے زائد مقدمات کی پیروی کی، جبکہ 600 سے زائد انسانی حقوق کے محافظوں اور سیاسی کارکنوں کو قانونی معاونت فراہم کرتے ہوئے ان کی نقل و حرکت سے متعلق پابندیوں کے خاتمے میں مدد کی۔
جلیلہ حیدر 2018 میں ہزارہ برادری کو درپیش ٹارگٹ کلنگ کے خلاف سات روزہ بھوک ہڑتال کے باعث بھی نمایاں ہوئیں۔ اس احتجاج کے بعد ہزارہ خواتین اور اس وقت کے آرمی چیف کے درمیان براہِ راست ملاقات ہوئی۔
رائٹ لائیولی ہڈ فاؤنڈیشن نے انہیں اس اعزاز سے نوازنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ نسلی، ریاستی اور پدرشاہی جبر کے خلاف جدوجہد اور اس اصول کے لیے کام کر رہی ہیں کہ کوئی انسان غیر قانونی نہیں۔
2026 کے ایوارڈ کے دیگر اعزاز یافتگان میں Rural Women’s Assembly، Georgian Young Lawyers’ Association اور ٹمنٹ گبرو شامل ہیں۔ ایوارڈز کی تقریب یکم دسمبر 2026 کو اسٹاک ہوم میں منعقد ہوگی۔
انسانی حقوق کی کارکن جلیلہ حیدر کو 2026 کے رائٹ لائیولی ہڈ ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان




