حکومت اور اپوزیشن مذاکرات، محسن نقوی نے کے پی حکومت پر سوالات اٹھا دیے

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کے حوالے سے اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات شروع ہوتے ہی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا حکومت اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔ 
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان کی صورتحال کو صوبائی حکومت کی کارکردگی سے جوڑا اور اسے حکومتِ خیبرپختونخوا کی ناکامی قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے علامہ راجہ ناصر عباس نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سیاسی معاملات کے حل کے لیے ہو رہے ہیں اور بات چیت کو دہشت گردی کے معاملے سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے پہلے سیشن میں محسن نقوی، علامہ راجہ ناصر عباس اور بیرسٹر گوہر علی خان نے گفتگو کی، جبکہ بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے نکات حکومتی وفد کے سامنے رکھے۔
دوسری جانب حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے اور فریقین کی جانب سے سیاسی معاملات کے حل کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں