ہلمند میں بی ایل اے کے میڈیا آپریشنز مرکز پر کارروائی، 9 دہشتگرد ہلاک

افغانستان کے صوبہ ہلمند کے ضلع گرمسیر میں بی ایل اے کے مبینہ میڈیا آپریشنز مرکز کو نشانہ بنائے جانے اور کارروائی کے دوران اہم کمانڈروں سمیت 9 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی یکم اکتوبر کی صبح تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر کی گئی، جس میں دہشتگرد تنظیم کے مبینہ پروپیگنڈا اور میڈیا نیٹ ورک کے مرکز کو تباہ کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں میڈیا سرگرمیوں کے ذمہ دار سمجھے جانے والے کمانڈروں شیروان، حذیفہ، فاروق اور حضرت بلوچ سمیت 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پار دہشت گردی اور مسلح گروہوں کی موجودگی کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے۔

پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغانستان میں موجود بعض مسلح گروہ پاکستانی علاقوں میں حملوں کے لیے اپنی کارروائیاں منظم کرتے ہیں، جبکہ افغان طالبان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی اور دہشت گردی کو پاکستان کا داخلی مسئلہ قرار دیتی رہی ہے۔

وزارت اطلاعات نے یکم اکتوبر کو افغانستان میں 2 مقامات پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں میں دہشتگردوں کے مراکز اور محفوظ ٹھکانے نشانہ بنائے گئے۔

وزارت کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں 22 دہشت گردوں کی ہلاکت اور اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر تباہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلمند اور کنڑ میں ہونے والی کارروائیوں میں 9 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے، جبکہ 3 مکانات بھی تباہ ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں دہشتگردوں کے تنظیمی، مالی، ابلاغی اور سہولت کاری کے نیٹ ورکس کو بھی ہدف بنایا جائے گا اور سرحد پار موجود دہشت گرد انفراسٹرکچر کو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتے ہوئے اس کے خلاف اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں