پشاور(اولس نیوز) ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 66 فیصد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونے والے امتحان میں محمد حسن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 180 میں سے پورے 180 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے مجموعی طور پر 38 ہزار 845 امیدواروں نے درخواست دی تھی، جن میں سے 37 ہزار 747 طلباء و طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ نتائج کے مطابق مجموعی کامیابی کا تناسب 66 فیصد رہا
نتائج میں محمد حسن نے 180 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ شارق نور نے 179 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد مجیب نے بھی 179 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق 170 سے 180 نمبر کے درمیان مجموعی طور پر 1,926 امیدوار کامیاب رہے۔ ایم ڈی کیٹ میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے امیدوار اب میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھیں گے۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 میں 55 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدوار ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے، جبکہ بی ڈی ایس کے لیے کم از کم 50 فیصد نمبر درکار ہوں گے۔ تاہم حتمی داخلے متعلقہ قواعد، میرٹ اور دستیاب نشستوں کے مطابق ہوں گے۔
ایم ڈی کیٹ 2026 کا نتیجہ آگیا، کامیاب امیدواروں کی شرح سامنے آگئی




