مائنز اینڈ منرل ایکٹ، بلوچستان کے وسائل اسلام آباد منتقل، لشکرئی رئیسانی

کوئٹہ (اولس نیوز):سینئر سیاستدان نوابزادہ حاجی لشکرئی رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اسمبلی کی نشستیں مبینہ طور پر فارم 47 کے تحت نیلام ہوتی ہیں اور سرکاری نوکریاں بھی فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے ذریعے صوبے کے معدنی وسائل سے متعلق اختیارات اسلام آباد منتقل کرنے کا راستہ ہموار کیا گیا ہے۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی لشکرئی رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں بعض اقدامات اس لیے بھی کیے جاتے ہیں تاکہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ اس میں وہ سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں جو مائنز اینڈ منرل بل کی منظوری کے وقت موجود تھیں اور اس معاملے پر خاموش رہیں۔ ان کے مطابق اگر آل پارٹیز کانفرنس بلوچستان کے قومی حقوق اور صوبائی اختیارات کے تحفظ کے لیے منعقد کی جاتی ہے تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے مائنز اینڈ منرل ایکٹ کی منظوری پر بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے اپنا کردار ادا کرنے کے بجائے مبینہ طور پر حکومت کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے بل کی منظوری کا راستہ ہموار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے باقی ماندہ معدنی وسائل کے تحفظ کے بجائے انہیں ایک قانون کے ذریعے صوبے سے باہر منتقل کرنے کی راہ نکالی گئی۔

نوابزادہ حاجی لشکرئی رئیسانی نے کہا کہ سوئی اور ڈیرہ بگٹی سے نکلنے والی گیس سے مقامی آبادی محروم ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی گیس کی عدم دستیابی کا مسئلہ برقرار ہے۔ انہوں نے سیندک منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ گزشتہ 30 سال سے جاری ہے، لیکن آج تک اس کا کوئی حساب نہیں دیا گیا، جبکہ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بھی بلوچستان کے عوام کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے سی پیک کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے نام پر بلوچستان کے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ تحریک تحفظ آئین میں شامل سیاسی جماعتوں کے کردار پر سوالات اٹھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں نے بلوچستان کی آئندہ نسلوں کے ساتھ بڑا ظلم کیا ہے اور صوبے کے وسائل سے متعلق فیصلے ایک قانون کے ذریعے کہیں اور منتقل کر دیے گئے ہیں۔

نوابزادہ حاجی لشکرئی رئیسانی نے واضح کیا کہ بلوچستان کے قومی حقوق، معدنی وسائل اور صوبائی اختیارات کے تحفظ کے لیے ہونے والی سیاسی جدوجہد کی حمایت کی جائے گی۔ ان کے بیان نے مائنز اینڈ منرل ایکٹ، صوبائی خودمختاری اور قدرتی وسائل پر اختیار کے حوالے سے جاری بحث کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں