خانوزئی: موٹروے پولیس کی حاضر دماغی، 9 مسافروں کی جان محفوظ۔

خانوزئی ( اولس نیوز)  موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی، سوزوکی بولان میں لگی آگ پر قابو پا کر 9 مسافروں کی جان بچا لی گئی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق کوئٹہ سے خانوزئی جانے والی سوزوکی بولان نمبر CU-7521 میں 8 فیملی ممبران اور ایک مرد مسافر سوار تھے۔ گاڑی جب خانوزئی بازار کے قریب N-50 کے مقام پر پہنچی تو اچانک اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

اسی دوران موٹروے پولیس N-50 سیکٹر قلعہ سیف اللہ کی پٹرولنگ گاڑی نمبر IDP-4142 پر ڈیوٹی انجام دینے والے SI عمر خالد اور SI مظہر شاہ گشت پر موجود تھے۔ واقعے کو دیکھتے ہی دونوں افسران فوری طور پر موقع پر پہنچے اور فائر ایکسٹنگوئشر کی مدد سے گاڑی میں لگی آگ بجھا دی۔

موٹروے پولیس کے مطابق افسران کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث آگ پر قابو پا لیا گیا، گاڑی کو مزید نقصان سے بچا لیا گیا جبکہ تمام مسافر محفوظ رہے۔

ترجمان موٹروے پولیس N-50 سیکٹر قلعہ سیف اللہ آکرم خان ترین نے بتایا کہ موٹروے پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں