اینٹی کرپشن کے متعدد نوٹسز کے باوجود امین عمرانی پیش نہ ہوئے،

بلوچستان( اولس نیوز ) صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی کے مبینہ فرنٹ مین ایس ڈی او امین عمرانی کی کئی روز سے عدم دستیابی، اینٹی کرپشن کے متعدد نوٹسز کے باوجود تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش نہ ہونے کا معاملہ سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق ایس ڈی او امین عمرانی گزشتہ تقریباً دس روز سے منظر عام سے غائب ہیں۔ انہیں محکمہ آبپاشی اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے متعدد مرتبہ نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم وہ تاحال تحقیقاتی عمل میں پیش نہیں ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امین عمرانی کے پاس مبینہ مالی بے ضابطگیوں، منی ٹریل اور صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی کے اہلِ خانہ سے متعلق بعض اہم معلومات موجود ہیں۔ دورانِ تحقیقات اس معاملے میں بعض اہم انکشافات سامنے آنے کی اطلاعات بھی ہیں، تاہم ان تفصیلات کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

امین عمرانی کی مسلسل عدم دستیابی نے جاری تحقیقات کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اہم سوال یہ ہے کہ وہ گزشتہ کئی روز سے کہاں ہیں اور اینٹی کرپشن کے نوٹسز کے باوجود تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش کیوں نہیں ہوئے؟

اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق امین عمرانی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر تحقیقاتی عمل میں شامل ہوکر اپنا مؤقف پیش کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ میر صادق عمرانی اور امین عمرانی سے متعلق بیان کردہ الزامات اور تحقیقات کے حوالے سے حتمی مؤقف سامنے آنا ابھی باقی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں