آج خیبرپختونخوا کو تمام راستے بند کرکے باقی پاکستان سے کاٹ دیا جائےگا، سہیل آفریدی

پشاور (اولس نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ آج خیبرپختونخوا کو باقی پاکستان سے کاٹ دیا جائے گا ، یہ آنے جانے والے تمام راستے بند کررہے ہیں، کیا یہ مشرقی پاکستان والی سازش دُہرا رہے ہیں؟ یہ جو بھی سازش کریں لیکن ہم پاکستان کو ٹوٹنے نہیں دیں گے، ہم اپنے وطن کی خاطر قربانیاں دیں گے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین چار دنوں سے سادہ کپڑوں میں ملبوس غنڈا گرد ہمارے کارکنوں، تنظیمی عہدیداروں اور منتخب نمائندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، مواصلات و تعمیرات کے وزیر شکیل خان پر قاتلانہ حملہ اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی مگر ناکام رہے، کل ہمارے وزیر آبپاشی ریاض خان کے گھر پر بھی سادہ کپڑوں میں ملبوس غنڈا گرد پہنچے۔
ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع میں بھی ہمارے کارکنوں اور منتخب نمائندوں کے ساتھ یہی سلوک کیا جا رہا ہے، مردان میں ایم این اے فضل خان کو اغوا کیا گیا، فخر جہان کے گھر پر بھی نامعلوم افراد نے دھاوا بولا، ہمارے منتخب نمائندے اور وزراء نشانے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی کابینہ کے وزراء بھی ان غنڈا گردوں سے محفوظ نہیں تو باقی پاکستان کا کیا حال ہوگا، یہ لوگ عوامی طاقت سے ڈرے ہوئے ہیں، کوئی عقل رکھنے والا شخص اس طرح کے اقدامات نہیں کرتا

اپنا تبصرہ بھیجیں