کسی بھی سرکاری ادارے کی بہتری، نظم و ضبط اور کارکردگی کا انحصار اس کے سربراہ کی انتظامی صلاحیت اور قانون پر عمل درآمد سے ہوتا ہے۔ ادارے کا سربراہ اس بات کا پابند ہے کہ وہ حکومت کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں اگر کسی ادارے کا سربراہ خود ہی سرکاری قواعد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی کرے تو اس کے زیرِ انتظام ادارے میں قانون کی عملداری اور انتظامی شفافیت پر سوالات اٹھنا فطری امر ہے۔
اطلاعات کے مطابق نیو ٹراما سنٹر، سپینی روڈ کوئٹہ کے سربراہ بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر تقریباً دس لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کر رہے ہیں، جبکہ اس کے باوجود وہ گزشتہ تقریباً دس ماہ سے سول ہسپتال کوئٹہ کے پرانے ٹراما سنٹر میں بطور منیجنگ ڈائریکٹر بھی تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیرِ صحت بلوچستان اور سیکرٹری صحت بلوچستان سے پُرزور مطالبہ ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، متعلقہ افسر کی ڈبل تنخوا گزشتہ دس ماہ کی ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کرکے شفاف انکوائری کروائی جائے
اگر دوہری ملازمت اور دو اداروں سے بیک وقت تنخواہوں کی وصولی خلافِ قواعد ثابت ہو تو متعلقہ افسر کے خلاف قانون کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری خزانے کو ہونے والے ممکنہ نقصان کا بھی تعین کیا جائے۔
سرکاری اداروں میں قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، خواہ عہدہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔




