نئے اضلاع بنانے پر بلوچستان اسمبلی میں اختلافات، ڈاکٹر مالک کی حکومت پر تنقید

نئے اضلاع بنانے پر بلوچستان اسمبلی میں اختلافات، ڈاکٹر مالک کی حکومت پر تنقید

بلوچستان میں نئے اضلاع اور ڈویژن بنانے پر اسمبلی میں بحث، سرانان ہیڈکوارٹر کی تبدیلی پر ارکان کے تحفظات، ڈاکٹر مالک کی بھی تنقید

کوئٹہ( اولس نیوز کوئٹہ) بلوچستان میں نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام اور ضلعی ہیڈکوارٹرز کی تبدیلی کا معاملہ صوبائی اسمبلی میں زیرِ بحث آگیا، جہاں حکومتی فیصلوں کو سراہنے کے ساتھ مختلف ارکان اسمبلی نے تحفظات اور اعتراضات بھی اٹھائے۔ اجلاس کے دوران پشین ڈویژن کے ہیڈکوارٹر کو سرانان سے منتقل کرنے، خانوزئی کو ضلع بنانے کے نوٹیفکیشن اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے مطالبات سامنے آئے، جبکہ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نئے اضلاع کے قیام پر حکومتی فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اجلاس کے دوران رکن بلوچستان اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں انتظامی تقسیم کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں۔ تاہم انہوں نے پشین ڈسٹرکٹ کے ہیڈکوارٹر سرانان سے تبدیل کرنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرانان کو ہیڈکوارٹر برقرار رکھنا درست فیصلہ تھا اور اس کی تبدیلی سے قبل متعلقہ نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

زمرک خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان پشتون، بلوچ، ہزارہ سمیت مختلف اقوام کا ایک گلدستہ ہے، جہاں تمام قوموں کے مفادات اور نمائندگی کو اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خانوزئی کو ضلع بنانے کے معاملے پر اتفاق رائے کے باوجود تاحال اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے پشین ڈویژن کے ہیڈکوارٹر کو سرانان سے منتقل کرنے کے معاملے پر متعلقہ حکام کو روکنے سے متعلق رولنگ دیتے ہوئے ہیڈکوارٹر کی تبدیلی پر رپورٹ طلب کرلی۔

رکن بلوچستان اسمبلی اصغر ترین نے بھی نئے اضلاع، ڈویژنوں اور ہیڈکوارٹرز کے قیام سے متعلق فیصلوں پر منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے نئے ڈویژنوں اور اضلاع کے قیام سے متعلق اقدامات کو خوش آئند قرار دیا، تاہم سابق حکومتی ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب متعلقہ افراد خود کابینہ کا حصہ تھے تو اس وقت انہیں ان معاملات کا خیال کیوں نہیں آیا۔

رکن اسمبلی زابد ریکی نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ نئے اضلاع، ہیڈکوارٹرز اور ڈویژنوں کے قیام سے متعلق فیصلوں میں منتخب عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے تاکہ مقامی آبادی کے تحفظات اور خدشات کو بھی مدنظر رکھا جاسکے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے ارکان کے تحفظات سننے کے بعد بتایا کہ آئندہ ہفتے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایم بی آر) کو اسمبلی میں طلب کیا گیا ہے، جہاں ارکان اسمبلی نئے اضلاع، ڈویژنوں اور ہیڈکوارٹرز سے متعلق اپنے تحفظات اور خدشات سامنے رکھ سکیں گے۔

اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نئے اضلاع کے قیام کے طریقہ کار اور حکومتی فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک نوٹیفکیشن جاری کرنے سے ضلع قائم نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے حکومتی وسائل اور مالی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جیب میں چار آنے نہیں اور نئے اضلاع بنائے جا رہے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی میں ہونے والی اس بحث کے دوران جہاں نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام کو انتظامی بہتری کے لیے اہم قرار دیا گیا، وہیں ہیڈکوارٹرز کی تبدیلی، مالی وسائل اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے معاملات پر مختلف ارکان نے اپنے تحفظات بھی پیش کیے۔ اب آئندہ ہفتے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی طلبی کے بعد اس معاملے پر مزید وضاحت اور ارکان اسمبلی کے مؤقف سامنے آنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں