اسلام آباد( اولس نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور دہشت گردی کے خلاف حکومت بلوچستان اور سکیورٹی فورسز مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے یہ بات آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے شرکا سے خصوصی نشست کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں ملک بھر کے 21 اسٹیشنز سے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر تشدد کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست ایسے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق اور لاپتہ افراد جیسے معاملات کو بھی ریاست مخالف بیانیے اور دہشت گردی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو اپنے بین الاقوامی وعدوں پر عمل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا امن، ترقی اور خوشحالی پاکستان کی مضبوطی سے وابستہ ہے اور بلوچ عوام کا مستقبل ایک مستحکم اور پرامن پاکستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
علیحدگی پسند بیانیہ پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتا، سرفراز بگٹی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل