بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری، 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ: آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 21 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے شعبان اور زیارت کے گردونواح میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن شروع کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کیے گئے اور اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق شعبان میں ابتدائی کارروائیوں کے دوران 33 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں مزید 23 دہشتگرد مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو کلیئر کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ستمبر کو نوشکی میں ایک الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ مند کے علاقے میں کارروائی کے دوران مزید 6 دہشتگرد مارے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ شعبان اور دیگر علاقوں میں کلیئرنس آپریشن دہشتگردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ کارروائیاں عزمِ استحکام کے تحت جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں