کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل صدر کمیٹی کا اجلاس تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، صوبائی و ضلعی عہدیداران اور کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحصیل کانفرنس، تنظیمی و سیاسی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرؤف لالا نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی و جمہوری کارکنوں کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ ان کے مطابق محمود خان اچکزئی کی جانب سے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے پیش کی گئی تجاویز پر عملدرآمد میں تاخیر اور آئین سے انحراف ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ایک نازک سیاسی و سماجی دور سے گزر رہا ہے، جہاں جمہوری اقدار، آئینی بالادستی، سیاسی آزادیوں اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے۔
عبدالرؤف لالا نے پرامن احتجاج کو شہریوں کا بنیادی جمہوری حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کو طاقت کے ذریعے دبانے کے بجائے آئینی اور سیاسی طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق سیاسی کارکنوں کو احتجاج، اجتماع اور اظہارِ رائے سے روکنے کے لیے پابندیاں معاشرے میں بے اعتمادی کو جنم دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین یا کارکنوں کو کمزور کرنے کے لیے غیر قانونی طریقوں کا استعمال سیاسی تقسیم میں اضافہ، اداروں پر اعتماد میں کمی اور نوجوانوں میں مایوسی کا باعث بن سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کا پائیدار حل سیاسی اختلاف کو طاقت کے ذریعے دبانا نہیں بلکہ آئین کی بحالی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے فروغ میں ہے۔
عبدالرؤف لالا نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو ایک میز پر بیٹھ کر سنجیدگی سے مستقبل کا راستہ طے کرنا ہوگا اور محمود خان اچکزئی کی جانب سے پیش کردہ نکات پر عملدرآمد کیا جائے۔
آئین سے انحراف ملک کو بحرانوں کی جانب دھکیلنے کے مترادف ہے، عبدالرؤف لالا




