اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب اور کم آمدنی والے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹارگٹڈ پٹرول سبسڈی کے معاملے پر آئی ایم ایف کے ساتھ بات ہوئی ہے اور اس حوالے سے کوئی سنجیدہ اعتراض سامنے نہیں آیا۔
وزیراعظم کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں پاکستان میں مہنگائی اور عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا۔
حکومت کے منظور کردہ فیول ریلیف پروگرام کے تحت کم آمدنی والے افراد کو ٹارگٹڈ مالی ریلیف دیا جا رہا ہے۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر دو و تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ہفتہ وار 500 روپے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے مخصوص ریلیف مقرر کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 21 ستمبر تک 22 لاکھ سے زائد افراد فیول اسکیم کے لیے رجسٹر ہو چکے تھے، جبکہ تقریباً 19 لاکھ ٹوکن جاری کیے جا چکے تھے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم آمدنی والے شہریوں تک محدود حد تک منتقل کرنا اور انہیں براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کے لیے سبسڈی، وزیراعظم نے آئی ایم ایف کو قائل کرلیا



