ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں ضلع کونسل کے چیئرمین وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کی رہائش گاہ پر مسلح افراد نے حملہ کیا، تاہم بگٹی امن فورس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
قبائلی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب شہید فضل خان سب ڈویژن میں مسلح افراد اور بگٹی امن فورس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو رات بھر جاری رہا۔ حملہ آوروں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم امن فورس کے اہلکاروں نے ان کا تعاقب کیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 13 حملہ آور ہلاک ہوئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں بگٹی امن فورس کا ایک اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو مزید طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کیے جانے کی اطلاع ہے۔
رپورٹس کے مطابق بگٹی امن فورس کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ آوروں کا مبینہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ تاہم 13 افراد کی ہلاکت اور واقعے کی دیگر تفصیلات کی آزادانہ تصدیق ابھی سامنے نہیں آئی۔
ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر حملہ، 13 حملہ آور ہلاک




