کراچی (اولس نیوز): ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر آج عقیدت و احترام کے ساتھ جلوس نکالے جا رہے ہیں، جن کے لیے سیکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی، لاہور، راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوسوں کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کراچی کی 642 امام بارگاہوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر 4 ہزار 994 پولیس افسران اور اہلکار مامور ہوں گے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جلوسوں کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کنٹرول رومز فعال کر دیے گئے ہیں، سرچ اینڈ اسٹرائیک ٹیمیں، اسنائپرز اور پوسٹ انسیڈنٹ رسپانس یونٹس بھی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
مرکزی جلوس کے راستوں سے ملحقہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بند رہیں گی اور شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ نشتر پارک اور گردونواح میں بھی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں موجود رہ کر پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ حساس مقامات، اہم سرکاری عمارتوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں اور اہم مقامات کی مکمل کلیئرنس بھی کی جا رہی ہے۔




