بلوچستان گرینڈ الائنس کے کنوینئر پروفیسر قدوس کاکڑ سمیت درجنوں سرکاری ملازمین گرفتار،
پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج
کوئٹہ(اولس نیوز ) بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان گرینڈ الائنس کے کنوینئر پروفیسر قدوس کاکڑ سمیت درجنوں ملازمین کو گرفتار کر لیا اطلاعات کے مطابق احتجاجی ملازمین پر پولیس کی جانب سے شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے۔ مظاہرین صوبائی حکومت سے تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر مراعات میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے بلوچستان گرینڈ الائنس نے بجٹ اجلاس کے موقع پر اسمبلی کا گھیراؤ اور دھرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ ملازمین کا مؤقف ہے کہ مہنگائی کے موجودہ طوفان میں سرکاری ملازمین شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حکومت ان کے جائز مطالبات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے ملازمین تنظیموں کے رہنماؤں نے گرفتاریوں اور طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور مطالبات کے حل کے بجائے کارکنوں کو گرفتار کرنا مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے گرفتار ملازمین کی فوری رہائی اور مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا ہے دوسری جانب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے




