محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کی تاریخ کی بڑی کارروائی،31 ارب روپے مالیت کی منشیات اور غیر ملکی شراب برآمد

پاکستان نیوی اور ایکسائز ٹیکسیشن& اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کی مشترکہ کارروائی، عالمی اسمگلنگ نیٹ ورک کو بڑا دھچکا

ڈی جی ایکسائز اینٹی نارکوٹکس محمد زمان خان کی نگرانی میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان و پاکستان نیوی نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 31 ارب روپے مالیت کی منشیات اور غیر ملکی شراب برآمد کر لی۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران بین الاقوامی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ آپریشن وزیراعظم پاکستان،آرمی چیف اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا،جبکہ کارروائی کی نگرانی ڈی جی ایکسائز اینٹی نارکوٹکس محمد زمان خان نے خود کی۔

کارروائی کے دوران 425 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامائن)، 20 کلوگرام چرس اور تقریباً 10 ہزار بوتلیں اور کین غیر ملکی شراب و بیئر قبضے میں لی گئیں

حکام کے مطابق صرف غیر ملکی شراب کی مالیت تقریباً 35 کروڑ روپے ہے

ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسمگلرز سمندری راستے سے شراب پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے،جبکہ بھاری مقدار میں منشیات عالمی مارکیٹ میں اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی تھی، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔

برآمد شدہ سامان قانونی کارروائی کیلئے ایکسائز ساؤتھ زون کے حوالے کر دیا گیا ہے

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی محکمہ ایکسائز اینٹی نارکوٹکس کی تاریخ کی سب سے بڑی ضبطیوں میں شمار کی جا رہی ہے

بلوچستان کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام جاری ہیں،ڈی جی ایکسائز محمد زمان خان

ڈی جی ایکسائز &اینٹی نارکوٹکس محمد زمان خان نے کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بھی 25 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں،جبکہ ایک اور کارروائی میں 10 ہزار غیر ملکی شراب کی بوتلیں پکڑی گئی تھیں

انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے

دکی، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں پوست کی فصلیں مکمل تباہ کر دی گئی ہیں،جبکہ چمن، لورالائی، قلات اور مستونگ میں بھی سینکڑوں ایکڑ رقبے پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔

ڈی جی محمد زمان خان کے مطابق بلوچستان کو “منشیات سے پاک ” رکھنے کیلئے حکومتی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں،جبکہ زمینی اور سمندری سرحدوں پر اسمگلنگ روکنے کیلئے نگرانی اور سیکیورٹی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کیلئے بلوچستان میں اینٹی نارکوٹکس آپریشنز مزید تیز کیے جائیں گے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں