بھارت میں میسی کا شو بدنظمی کی نذر، 10 منٹ میں واپسی

بھارت میں ارجنٹینا کے مقبول ترین فٹ بالر لیونل میسی کا تماشا بن گیا جب کلکتہ میں ان کی ایک اسٹیڈیم آمد کے موقع پر بدنظمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد اسٹار کھلاڑی صرف دس منٹ بعد ہی روانہ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی اپنے گوٹ ٹور (Goat Tour) کے لیے بھارتی شہر کلکتہ پہنچے تاہم ویویکانند یووا نامی فٹ بال اسٹیڈیم میں بدانتظامی اور ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی۔

بھارت کی مقامی رپورٹس کے مطابق میسی کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچی مگر مضبوط پروٹوکول اور سخت سیکیورٹی کے باعث وہ اچانک مشتعل ہوگئے جس کے بعد انہوں نے توڑ پھوڑ شروع کردی۔

کئی فینز جو گھنٹوں انتظار کے بعد لیونل میسی کو دیکھنے کی امید لگائے بیٹھے تھے، مایوس رہ گئے اور انہیں میسی کی صحیح طرح جھلک بھی نہیں دیکھنے ملی۔

اسٹیڈیم کے اندر کے ڈرامائی مناظر دیکھنے کو ملے جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔ 2011 کے بعد میسی کا یہ پہلا بھارت کا دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے اسی اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے درمیان ایک دوستانہ میچ کھیلا تھا، جس میں ارجنٹینا نے ایک صفر سے فتح حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں