کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ رات 12 بجے تک بڑھایا جائے۔
رکن بلوچستان اسمبلی میر زابد علی ریکی، مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ، مولانا نور اللہ اور فضل قادر مندوخیل نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ ہر سال موسم سرما شروع ہوتے ہی کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی سالانہ اربوں روپے بلوں کی مد میں وصول کرتی ہے، لیکن اس کے باوجود صارفین کو مناسب گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔
اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث شہریوں کو خصوصاً صبح اور رات کے اوقات میں گیس پریشر کی کمی کا سامنا ہے، جس سے گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں۔ خواتین، بچوں، بزرگوں اور طلبہ کو کھانے پکانے اور روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام پر زور دیا کہ گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ فوری حل کیا جائے اور گیس کی فراہمی کے موجودہ اوقات میں اضافہ کرتے ہوئے اسے رات 12 بجے تک یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو موسم سرما میں ریلیف مل سکے۔




