بھارت سے مذاکرات کی بحالی نئی دہلی کے طرزِ عمل سے مشروط ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ نئی دہلی کے رویے اور طرزِ عمل سے مشروط ہے، جبکہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ بات چیت کی بحالی چاہتا ہے، تاہم اس کا انحصار بھارتی اقدامات پر ہوگا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کا احترام ضروری ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی تنازعات کے حل کا مؤثر راستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کشیدگی شروع ہونے پر انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے تحمل اور برداشت کا مشورہ دیا تھا۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے خطے میں دیرپا امن کے لیے نئے سیکیورٹی فریم ورک کی تشکیل کو بھی ضروری قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مسائل کے حل کے لیے بلاک پولیٹکس یا گروپ بندی مؤثر راستہ نہیں، پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن اور دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی جاری رکھے گا۔

نائب وزیراعظم نے مزید بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل چار ملکی فورم ’آر فور‘ کا آئندہ اجلاس اگلے ماہ جرمنی میں ہوگا، جبکہ استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شرکت کے بعد اس فورم نے ’ای فور‘ کی شکل اختیار کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی ممالک سے جی ایس پی پلس تجارتی سہولت کے تسلسل کے لیے تعاون اور حمایت کا خواہاں ہے۔ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس بھی قائم کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں