مصدق ملک کا نئی دہلی میں خطاب، 2023ء کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ

نئی دہلی: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمہ فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے خطے کی تہذیب اور تاریخی ورثے کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے آگاہ کیا۔

مئی 2023ء میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کے بعد ڈاکٹر مصدق ملک کسی پاکستانی وفاقی وزیر کی حیثیت سے بھارت کا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کے تین اہم ادوار کا امین ہے، جبکہ دہلی کا تاریخی پرانا قلعہ بذاتِ خود تاریخ کی ایک مکمل داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار کے حکمرانوں نے اس قلعے کے تاریخی ورثے کی تشکیل میں کردار ادا کیا۔ ہمایوں نے اس کی بنیاد رکھی، جبکہ ان کے حریف شیر شاہ سوری بھی اسی قلعے کی تاریخ کا حصہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی روابط شمال میں بخارا اور سمرقند جبکہ مغرب میں فارس اور عرب تک پھیلے ہوئے ہیں۔ گندھارا کا بدھ فنِ تعمیر شاہراہِ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وادیٔ سندھ، گندھارا، وسطی ایشیا، فارس اور عرب کے تاریخی و ثقافتی روابط پاکستان کی تہذیبی تاریخ کا اہم امتزاج ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلی کو خطے کی تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے مشترکہ مکالمے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں